بھٹکل:22 /ڈسمبر (ایس او نیوز)پچھلے کچھ ماہ پہلے تعلقہ کے مختلف ناگ بنا نامی مذہبی مقامات پر گوشت پھینکے گئے تھے جس کے تعلق سے سابق پی ایس آئی ریوتی نے ہوم منسٹر کو لکھے خط میں بی جے پی کے کچھ لیڈران کے ملوث ہونے کی بات کہی تھی ساتھ ساتھ ہندو مذہبی مقامات پر گوشت پھینکنے کے معاملے میں پولس کے کچھ اہلکاروں کے ملوث ہونے کی بھی بات لکھی تھی، اس ضمن میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مغربی زون کے انسپکٹر جنرل آف پولس ارون چکرورتی نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ ابھی بھی جاری ہے۔
جمعرات کو بھٹکل میں ساحل آن لائن کے ذریعے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ کے لئے خصوصی ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں۔ جانچ ٹیم نے اپنا کام کیا ہے ، نتائج کے لئے مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کا کام ابھی بھی جاری ہے
ایک اخباری نمائندہ کے پوچھے گئے اس سوال پر کہ احمد سدی باپا عرف یاسین بھٹکل کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد،بقیہ ملزمان کا پتہ لگانے کے لئے پولس کیا کارروائی کررہی ہے تو آئی جی پی نے جواب دیا کہ معاملہ کی جانچ این آئی اے کررہی ہے، اس سلسلے میں زیادہ جانکاری انہی کے پاس ہے ، مقامی طورپرحفاظتی اقدامات کرنا ہمارا کام ہے سووہ ہم کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی وائی ایس پی شیوکماراور سی پی آئی سریش نایک موجود تھے۔